صبح خیزی کی اہمیت

صبح خیزی کی اہمیت

صبح خیزی کی اہمیت

مصنف: وسیم فارابی فروری 2025

کائنات اور اس میں کار فرما فطری قوانین انسان کیلئے ایک رہنما کا درجہ رکھتے ہیں جو ہر لمحہ اسے دعوت دیتے ہیں کہ انسان کائنات اور اس کے مظاہرات کا مشاہدہ کر ے اور ان مشاہدات کو استعمال کر کے ایسے اصول بنائے جو انسانوں کو ان کی روز مرہ زندگی کو بہتر سے بہتر کرنے میں مدد کرے- یونانی اور رومی فلسفیوں کے ہاں یہ فلسفہ زندگی بہت اہمیت کا حامل تھا کیونکہ وہ کائنات اور اس کے قوانین کو ایک نمونے کے طور پر دیکھتے تھے اور جس طرح کائنات میں ایک ترتیب نظر آتی ہے کہ ستارے اور سیارے اپنے اپنے مقررہ راستوں اور اوقات پر چلتے نظر آتے ہیں؛موسم سال کے مقررہ وقت پر آتے جاتے ہیں؛ مختلف قسم کے پھل اور اناج اپنے وقت پر پیدا ہوتے ہیں تو ایسی سینکڑوں دیگر مثالیں انسان کو جہاں کئی اہم باتیں سکھاتی ہیں وہیں سب سے اہم حقیقت بھی بتاتی ہیں کہ وقت بغیر کسی وقفے کے رواں دواں ہے- ہر شے وقت کے دھارے میں بہتی چلی جار ہی ہے- وقت ایک بے رحم تلوار ہے جو اپنے سامنے آنی والی ہر شے کو کاٹتی چلی جاتی ہے- ہر کوئی وقت کا منتظر رہتا ہے مگر وقت کسی کا منتظر نہیں- یہ ایک ایسا سرمایہ ہے جو نہ تو دوبارہ حاصل کیا جا سکتا ہے اور نہ ہی واپس لایا جا سکتا ہے- وقت کا بہترین استعمال کامیاب زندگی کی علامت ہے اور اس کا شعور ہمیں مختلف عادات کے ذریعے ملتا ہے، جن میں سے ایک اہم عادت صبح جلدی اٹھنا ہے- یہ عادت ہمیں وقت کے بہتر استعمال کے قابل بناتی ہے اور ہمارے روزمرہ کے کاموں میں نظم و ضبط لاتی ہے-اس مضمون میں وقت کی پابندی کو صبح جلدی اٹھنے کے تناظر میں پیش کیا گیا ہے کہ صبح جلدی اٹھنے سے کس طرح ہم اپنے دن کے اوقات کا بہتر سے بہتر استعمال کر سکتے ہیں اور یہ عادت کس طرح ہمیں بے شمار معاشرتی، معاشی، نفسیاتی، طبی اور طبیعاتی فوائد دے سکتی ہے-

اسلامی تعلیمات میں وقت کی اہمیت:

وقت کی پابندی کی اتنی اہمیت ہے کہ قرآن پاک میں اللہ تعالیٰ نے کثیر مقامات پر اپنے افعال اور اپنی تخلیق کو ایک مقررہ وقت کا پا بند قرار دیا ہے- ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

’’ہم نے آسمانوں اور زمین کو اور جو کچھ ان دونوں میں ہے ان کو پیدا نہیں کیا، مگر حکمت کے ساتھ اور مقررہ وقت تک کیلئے‘‘- [1]

اسی طرح سورج اور چاند وقت کی پابندی کی بہترین مثالیں ہیں جس کا ہر انسان اپنی روزمرہ زندگی میں بار بار مشاہدہ کرتا ہے اور ان کے بارے میں ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

’’اور اسی نے سورج اور چاند کو مسخر کر رکھا ہے سب ایک مقررہ وقت تک چلتے رہیں گے‘‘- [2]

اللہ تعالیٰ نے انسانوں کے اعمال کے بدلے جزا و سزا کا مرحلہ بھی ایک مقررہ وقت تک مؤخر کر رکھا ہے تا کہ انسان کی آزمائش کیلئے اسے مہلت دی جائے- اس سے بھی یہ نکتہ واضح ہوتا ہے کہ ہر آنے والا لمحہ انسان کو اس وقت کے قریب کر رہا ہے جب اسے اس جہان میں گزارے ایک ایک پل کا حساب دینا ہو گا- ارشادِ باری تعالیٰ ہے:

’’اگر خدا لوگوں کو ان کے ظلم کے سبب پکڑنے لگے تو ایک جاندار کو زمین پر نہ چھوڑے لیکن ان کو ایک وقتِ مقرر تک مہلت دیے جاتا ہے- جب وہ وقت آجاتا ہے تو ایک گھڑی نہ پیچھے رہ سکتے ہیں نہ آگے بڑھ سکتے ہیں‘‘- [3]

’’ہم نے کوئی بستی ہلاک نہیں کی مگر اس کا وقت مقرر تھا‘‘- [4]

’’یہ لوگ جو تفرقے میں پڑے ہوئے ہیں اس کے بعد بھی کہ انہیں علم حاصل ہو گیا ہے تو یہ بس آپس کی ضد کی وجہ سے (تفرقے میں پڑے ہیں)- اور اگر تمہارے رب کی طرف سے ایک مقررہ وقت تک کیلئے بات ٹھہر نہ چکی ہوتی تو ان میں فیصلہ کر دیتا‘‘- [5]

’’ (سب لوگ ) ایک روز مقررہ وقت پر جمع کیے جائیں گے‘‘- [6]

’’اور ہر انسان کے لیے ہم نے اس کے عمل کا ایک حصہ لکھ رکھا ہے، اور کل قیامت کے دن ہم اس کے عمل کا حساب لیں گے‘‘- [7]

اسی طرح وقت کی اہمیت کے بارے میں حضور نبی کریم (ﷺ) نے فرمایا:

’’دو نعمتیں ایسی ہیں جن کی اکثر لوگ قدر نہیں کرتے: صحت اور فارغ وقت‘‘-[8]

’’وقت انسان کی زندگی کے دنوں میں سے ایک دن ہے، لہٰذا جب وقت گزر جائے تو یہ ہمیشہ کے لیے گزر چکا ہوتا ہے‘‘- [9]

’’پانچ چیزوں کو پانچ چیزوں سے پہلے غنیمت جانو:

  1. اپنی جوانی کواپنے بڑھاپے سے پہلے
  2. اپنی صحت کو اپنی بیماری سے پہلے
  3. پنی مالداری کو اپنی تنگدستی سے پہلے
  4. پنی فرصت کو اپنی مصروفیت سے پہلے
  5. اپنی زندَگی کو اپنی موت سے پہلے‘‘- [10]

’’روزانہ جب سورج طلوع ہوتا ہے تو دن یہ اعلان کرتا ہے : جو کوئی مجھ میں اچھا کام کرسکتا ہے تو کرلے کیونکہ آج کے بعد میں کبھی پلٹ کر نہیں آؤں گا‘‘- [11]

بالخصوص صبح کے وقت کی اہمیت بیان کرتے ہوئے حضور نبی اکرم (ﷺ) نے ارشاد فرمایا:

’’اللہ تعالیٰ صبح کے وقت میں برکت ڈالتا ہے، لہٰذا صبح کے وقت میں کام کرو اور شام کے وقت میں سستی نہ کرو‘‘-[12]

’’صبح کی نماز کے بعد اپنے کاموں کا آغاز کرو کیونکہ صبح کے وقت میں برکتیں اور کامیابیاں ہوتی ہیں‘‘-[13]

شاعرِ مشرق علامہ محمد اقبالؒ نے انھی اسلامی تعلیمات کو سامنے رکھتے ہوئے فرمایا ہے:

زمستانی ہوا میں گرچہ تھی شمشیر کی تیزی
 نہ چھوٹے مجھ سے لندن میں بھی آداب سحر خیزی

ایک اور مقام پر فرمایا:

عطارؔ ہو رومیؔ ہو رازیؔ ہو غزالیؔ ہو
 کچھ ہاتھ نہیں آتا بے آہِ سحرگاہی

صبح جلدی اٹھنے کے فوائد:

قرآن مجید اور احادیث مبارکہ میں صبح کے وقت کی اہمیت پر زور دینے کی کئی وجوہات ہیں جن کا انسان کی جسمانی ، نفسیاتی، معاشرتی اور معاشی بہتری کے ساتھ بلا واسطہ تعلق ہے-

جسمانی فوائد:

جلدی اٹھنے سے دن کا آغاز پرسکون اور تازہ دم ہو کر ہوتا ہے، جس سے ذہنی دباؤ کم ہوتا ہے اور دن بھر کی کارکردگی بہتر ہوتی ہے اس کی بنیادی وجہ کو سیرکارڈئین رِدھم تھیوری Circadian Rhythm Theory) ( سے بھی سمجھا جا سکتا ہے- اس تھیوری کے مطابق، روزانہ چوبیس گھنٹے کے دورانیے میں انسانی جسم میں مختلف قسم کی تبدیلیاں رُونما ہوتی رہتی ہیں جن پر روشنی اور اندھیرے کا بہت گہرا اثر ہوتا ہے اگر کسی وجہ سے اس رِدھم کی ترتیب خراب ہو جائے تو یہ انسانی صحت اور بالخصوص نیند کو بُری طرح متاثر کرتا ہے-[14] اس رِدھم کو برقرار رکھنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ انسان صبح جلدی اٹھ کر سورج کی روشنی میں زیادہ سے زیادہ وقت گزارے اس سے انسان کی نیند بہتر رہتی ہے اور دماغ کی سوچنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے -[15] چند دن اس عادت پر عمل کرنے سے سیرکارڈئین رِدھم اتنا متحرک ہوجاتا ہے کہ انسان کی مقررہ وقت پر سونے اور جاگنے کی مستقل عادت بن جاتی ہے جسے عام طور پر نیچرل باڈی کلاک (Natural Body Clock) بھی کہا جاتا ہے-

 پاکستان میں ذہنی دباؤ کی بیماری بھی کافی تیزی سے پھیل چکی ہے- ایک رپورٹ کے مطابق: پاکستان میں 15 ملین سے زیادہ افراد کسی نہ کسی طرح کی ذہنی بیماری میں مبتلا ہیں -[16] صبح کی تازہ ہوا اور دھوپ وٹامن ڈی کے حصول میں مددگار ثابت ہوتی ہے، جو ہڈیوں کی مضبوطی کے لیے ضروری ہے- پاکستان میں وٹامن ڈی کی کمی ایک عام مسئلہ ہے- ایک تحقیق کے مطابق: پاکستان میں تقریباً 53.5% لوگ وٹامن ڈی کی کمی کا شکار ہیں اور % 31.2 لوگوں میں وٹامن ڈی ناکافی ہے-[17] آپ صبح کے وقت ورزش کر سکتے ہیں، یوگا کر سکتے ہیں یا مراقبہ (Meditation) کر سکتے ہیں، جو کہ آپ کی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے انتہائی مفید ہے- صبح کے وقت ورزش کرنے سے دل کی صحت بہتر ہوتی ہے، وزن اور شوگر کی بیماری کو کنٹرول میں رکھنے میں مدد ملتی ہے اور مجموعی جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے-

پاکستان میں موٹاپے کی شرح میں اضافہ ہو رہا ہے- ایک رپورٹ کے مطابق: موٹاپے کے لحاظ سے ، پاکستان 188 ممالک میں دسویں نمبر پر ہے ، جس میں %50 آبادی زیادہ وزن یا موٹاپے کا شکار ہے-[18] صبح کے وقت کھانا کھانے سے میٹابولزم تیز ہوتا ہے، جس سے جسمانی توانائی میں اضافہ ہوتا ہے- ماہرین صحت کے مطابق: ناشتے کا وقت دن کی سب سے اہم غذا ہے جو مجموعی صحت کو بہتر بنانے میں مددگار ثابت ہوتی ہے -پاکستان میں توانائی سے بھرپور ناشتے کی عادت میں بھی کمی دیکھی گئی ہے، جو کہ دن بھر کی توانائی اور میٹابولزم پر اثر انداز ہو سکتی ہے- [19]

وقت کی قدر کی عادت:

صبح جلدی اٹھنے کی عادت آپ کے اندر وقت کی قدر کرنے کی صلاحیت پیدا کرتی ہے- جب آپ دن کا آغاز جلدی کرتے ہیں تو آپ کو یہ احساس ہوتا ہے کہ آپ کے پاس اپنے دن کے تمام کاموں کو نمٹانے کے لیے کافی وقت ہوتا ہے- یہ احساس آپ کو وقت کے ضیاع سے بچاتا ہے اور آپ کو ہر لمحے کو بہترین طریقے سے استعمال کرنے کی ترغیب دیتا ہے- آپ اپنے دن کی منصوبہ بندی کرتے ہیں اور اپنے وقت کو اہم کاموں کے لیے مختص کرتے ہیں، جس سے آپ کی زندگی میں توازن پیدا ہوتا ہے اور اس عادت سے آپ کو اپنے روزمرہ کے کاموں کو بہتر طریقے سے کرنے کا موقع ملتا ہے، جس سے آپ کی زندگی میں نظم و ضبط اور ترتیب پیدا ہوتی ہے- یہ نظم و ضبط آپ کو وقت کے ضیاع سے بچاتا ہے اور آپ کو اپنے مقاصد کے حصول کیلئے مؤثر طریقے سے کام کرنے کا موقع فراہم کرتا ہے-

تخلیقی صلاحیتوں میں اضافہ:

صبح کے وقت کی خاموشی اور سکون انسان کے ذہنی سکون اور تخلیقی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کیلیے بہترین ماحول فراہم کرتا ہے- اس وقت دماغ دن کے شور و غل سے آزاد ہوتا ہے اور خیالات تازہ اور نکھرے ہوتے ہیں- جو لوگ صبح جلدی اٹھتے ہیں، وہ اس وقت کا بہترین استعمال کر کے اپنی تخلیقی صلاحیتوں کو پروان چڑھاتے ہیں- مثلاً لکھاری، مصور، اور تخلیق کار صبح کے اس وقت کو اپنے تخلیقی کاموں کے لیے استعمال کرتے ہیں، جو کہ ان کے کام کے معیار کو بڑھاتا ہے-عالمی سطح پہ مصنفین اور فنکار صبح کے وقت کو تخلیقی سرگرمیوں کیلیے موزوں ترین وقت سمجھتے ہیں- ایک تحقیق کے مطابق:  %65 لکھاری اور فنکار صبح کے ابتدائی اوقات کو اپنے تخلیقی کاموں کے لیے استعمال کرتے ہیں، جس سے ان کے کام کی معیار میں نمایاں بہتری آتی ہے-[20]

مغربی محققین کی تحقیق کے مطابق بھی صبح جلدی اٹھنے کا تخلیقی صلاحیتوں پر مثبت اثر ثابت ہوا ہے-’’Journal of Applied Social Psychology‘‘میں شائع ہونے والی ایک رپورٹ کے مطابق: صبح کے وقت کا سکون اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت تخلیقی کاموں میں بہتری لاتی ہے- ایک تحقیق کے مطابق: صبح جلدی اٹھنے والے افراد کی تخلیقی صلاحیتیں بہتر ہوتی ہیں کیونکہ صبح کے وقت دماغ زیادہ تازہ اور فعال ہوتا ہے-[21] Harvard Business Review کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ صبح کے وقت کی خاموشی اور تنہائی تخلیقی سوچ اور نئے آئیڈیاز کو جنم دیتی ہے- [22]

نفسیاتی فوائد:

صبح جلدی اٹھنا بلاشبہ ایک چیلنج ہو سکتا ہے، لیکن اس کے بہت سے نفسیاتی فوائد ہیں جو ذہنی صحت کو بہتر بناتے ہیں، ذہنی تناؤ کو کم کرتے ہیں، نیند کی عادات کو بہتر بناتے ہیں اور خود اعتمادی میں اضافہ کرتے ہیں-[23]صبح کے وقت کا سکون دماغ کو تازگی بخشتا ہے اور توجہ مرکوز کرنے میں مدد دیتا ہے جو کہ انسان کو ڈپریشن اور اس جیسی کئی دیگر ذہنی بیماریوں سے بچاتا ہے-[24] The Harvard Gazette کی شائع کردہ ایک تحقیق کے مطابق، صبح جلدی اٹھنے والے افراد میں ڈپریشن اور شیزوفرینیا(Schizophrenia) ہونے کا خدشہ انتہائی کم ہوجاتا ہے بنسبت ان افراد کے جو رات کو جاگتے ہیں اور دن میں سوتے ہیں- [25]

پاکستان میں ایک مطالعہ کے مطابق: صبح جلدی اٹھنے والے افراد میں ذہنی سکون اور توجہ مرکوز کرنے کی صلاحیت زیادہ پائی جاتی ہے، جس سے ان کی زندگی کے مجموعی معیار میں بہتری آئی ہے- صبح جلدی اٹھنے سے دن کی شروعات بہتر انداز میں ہوتی ہے، جس سے روزمرہ کے کاموں کو منظم انداز میں مکمل کرنے میں مدد ملتی ہے-[26] پاکستان میں کی جانے والی ایک اور تحقیق کے مطابق:صبح جلدی اٹھنے والے افراد میں تناؤ کی سطح کم ہوتی ہے اور ان کے دن زیادہ منظم ہوتے ہیں، جس سے وہ زیادہ پروڈکٹیو اور خوش رہتے ہیں-[27] صبح جلدی اٹھنے کی عادت خودبخود آپ کی رات کی نیند کی عادت کو بہتر بناتی ہے- جب آپ روزانہ ایک ہی وقت پر اٹھتے ہیں، تو آپ کا جسم قدرتی طور پر ایک معیاری نیند کے شیڈول کے مطابق ڈھل جاتا ہے- یہ نیند کی بہتر معیار اور نیند کی کمی کو کم کرنے میں مدد کرتا ہے، جو کہ مجموعی طور پر آپ کی نفسیاتی حالت پر مثبت اثر ڈالتا ہے- [28]

معاشی فوائد:

اضافی وقت کی فراہمی:

صبح جلدی اٹھنے کی عادت انسان کو اضافی وقت فراہم کرتی ہے، جو کہ دن بھر کے کاموں کو منظم اور مؤثر طریقے سے انجام دینے کے لیے ضروری ہوتا ہے- جب آپ صبح جلدی اٹھتے ہیں تو آپ کو دن کے آغاز میں ہی اضافی وقت مل جاتا ہے- مثلاً، اگر آپ صبح 5 بجے اٹھتے ہیں تو آپ کے پاس ان لوگوں کے مقابلے میں زیادہ وقت ہوتا ہے جو صبح 7 یا 8 بجے اٹھتے ہیں- یہ اضافی وقت آپ کو اپنے دن کے کاموں کو بہتر طریقے سے انجام دینے کا موقع فراہم کرتا ہے-

اگر دنیا کی مشہور کامیاب کاروباری اشخاص کی زندگی کا مطالعہ کریں تو پتہ چلتا ہے کہ ایپل کمپنی کے سی-ای- او، ٹم کک صبح 3:45 بجے اٹھ کر اپنے کام شروع کر دیتے ہیں اور وہ دن کی ابتدا ای میلز چیک کرنے اور ورزش سے کرتے ہیں-ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سی ای او، ایلن مسک، رات کو دیر تک کام کرنے کے باوجود عام طور پر صبح 7:00 بجے اٹھ جاتے ہیں- ریچرڈ برینسن ،ورجن گروپ کے بانی ،صبح 5:00 بجے اٹھتے ہیں- وہ اپنی صبح کی ورزش اور ناشتہ کرنے کے بعد کام شروع کرتے ہیں- ٹویٹر کے شریک بانی ،جیک ڈورسی، صبح 5:00 بجے اٹھتے ہیں- وہ اپنے دن کا آغاز مراقبہ، ورزش اور پھر کام سے کرتے ہیں- ان مثالوں سے ظاہر ہوتا ہے کہ مختلف کامیاب لوگوں کی صبح کی روٹین مختلف ہوتی ہے، لیکن عام طور پر وہ جلدی اٹھنے کو اہمیت دیتے ہیں تاکہ دن کو مؤثر طریقے سے استعمال کیا جا سکے- [29]

توانائی کی بچت:

صبح جلدی اٹھنے کی عادت نہ صرف جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے فائدہ مند ہے بلکہ اس سے بجلی کی بچت بھی کی جا سکتی ہے، جو کہ پاکستان جیسے ملک میں انتہائی اہم ہے کیونکہ یہاں پہلے ہی بجلی کی پیدوارا اور اس کے خرچ کا توازن برقرار نہیں ہے- جب لوگ صبح جلدی اٹھتے ہیں تو انہیں دن کی روشنی میں اپنے بیشتر کام نمٹانے کا موقع ملتا ہے- فطرتی طور پر صبح کے وقت سورج کی روشنی دستیاب ہوتی ہے، جس کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھایا جا سکتا ہے اور اس طرح بجلی پر انحصار کم کیا جا سکتا ہے-مثلاً ، صبح جلدی اٹھ کر اگر لوگ اپنے بیشتر ذاتی اور کاروباری کام دن کی روشنی میں کریں تو انہیں کم روشنی کی ضرورت پڑے گی- اس کے برعکس، اگر لوگ دیر سے اٹھتے ہیں اور اپنے کام شام یا رات دیر تک جاری رکھتے ہیں ، تو انہیں لائٹس، گرمیوں میں اے سی، سردیوں میں ہیٹرز اور دیگر بجلی کے آلات کا استعمال زیادہ کرنا پڑتا ہے، جس سے بجلی کی کھپت بڑھ جاتی ہے-

دنیا کے کئی ترقی یافتہ ممالک دن کی روشنی کا زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانے کیلئے اپنے اپنے ملک میں سال کے چند مہینوں میں گھڑیاں ایک گھنٹہ آگے کر دیتے ہیں اور کئی ممالک جیسے امریکہ اور کینیڈا نے اس حوالے سے باقاعدہ قانون سازی بھی کی ہوئی ہے-[30] ایک امریکی تحقیق کے مطابق: دن کی روشنی کے استعمال کے اتنےزیادہ معاشی فوائد ہیں کہ محققین نے امریکی کانگریس کو پورا سال ڈے لائٹ سیونگ ٹائم قانون سازی پر عمل کرنے کا مشورہ دیا ہے-[31] لیکن پیارے پاکستان میں لوگوں کو دن کی روشنی کی اہمیت کا اندازہ ہی نہیں ہے جو کہ اس قدرتی نعمت کو بے دریغ ضائع کر رہے ہیں- یہاں کاروباری مراکز بھی دوپہر کو کھلتے ہیں اور رات دیر تک کھلے رہتے ہیں جس سے بے دریغ انرجی کا ضیاع ہو رہا ہے-

معاشی فوائد کی انفرادی مثالیں:

  • جاپان میں، جاپانی کمپنیاں جیسے کہ Toyota وقت کی پابندی اور کارکردگی پر بہت زور دیتی ہیں- Toyota کی ’’Just-In-Time‘‘پروڈکشن سسٹم کے تحت، وقت پر کام مکمل کر کے، خام مال اور تیار شدہ مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی کو کم کیا جاتا ہے، جس سے کارکردگی میں اضافہ اور اخراجات میں کمی آتی ہے-
  • امریکہ میں Warren Buffett، ایک مشہور سرمایہ کار، وقت کی منظم منصوبہ بندی اور مالی حکمت عملیوں پر عمل پیرا ہیں-وہ اپنی سرمایہ کاری کی منصوبہ بندی اور تجزیہ میں وقت کو بہت اہمیت دیتے ہیں، جس سے ان کی کمپنی کی مالی حالت مضبوط اور سرمایہ کاروں کو بہتر منافع ملتا ہے-
  • جنوبی کوریا کی Samsung کمپنی وقت کی پابندی اور منصوبہ بندی کو اہمیت دیتی ہے-جس سے اس کے پیداوار کے اخراجات کم ہوتے ہیں- Samsung کی ’’Efficiency Improvement Program‘‘ کے تحت، وقت پر کام مکمل کر کے وہ غیر ضروری اخراجات جیسے کہ تاخیر کی صورت میں اضافی چارجز سے بچتی ہے-
  • سویڈن کی Ericsson کمپنی کے ایگزیکٹوز صبح جلدی اٹھ کر اپنے کاروباری فیصلے کرتے ہیں- صبح کے سکونت میں فیصلہ سازی سے وہ بہتر اور مؤثر فیصلے کر پاتے ہیں، جو کمپنی کی ترقی اور عالمی منڈی میں کامیابی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں-
  • آسٹریلیا کے Mark Zuckerberg، فیس بک کے بانی، صبح کی ورزش کو اپنی روزمرہ کی روٹین میں شامل کرتے ہیں- صحت مند رہنے اور توانائی حاصل کرنے سے وہ دن بھر مؤثر طریقے سے کام کر پاتے ہیں، جس سے ان کی کمپنی کی کامیابی میں بھی اضافہ ہوتا ہے-
  • کینیڈا کے مشہور گلوکار، Michael Bublé، صبح جلدی اٹھ کر اپنے دن کی شروعات کرتے ہیں اور اس وقت کو اپنی موسیقی کی تخلیق اور پریکٹس کے لیے مختص کرتے ہیں- صبح کے وقت کی یہ عادت ان کی تخلیقی صلاحیتوں کو بڑھاتی ہے اور ان کی موسیقی کی پیداواریت میں اضافہ کرتی ہے-

اختتامیہ:

موجودہ دور میں ہم تقریباً ایک مشینی زندگی گزار رہے ہیں جس نے ہمارے روزمرہ کے معمولات کو بہت تیزی سے تبدیل کر دیا ہے- جس کے سبب نہ صرف انفرادی طور پر جسمانی، ذہنی اور روحانی بلکہ معاشی طور پر بھی ہمارا بحیثیت مجموعی نقصان ہو رہا ہے- وقت کی اہمیت اور صبح جلدی اٹھنے کی عادت ایک دوسرے سے گہری جڑی ہوئی ہیں- صبح جلدی اٹھنا ہمیں وقت کی قدر اور اس کے بہتر استعمال کا شعور دیتا ہے-مسلمان بحیثیت قوم اور ملت خوش نصیب ہیں کہ صبح جلدی اٹھنا ان کی مذہبی ذمہ داری بھی ہے اور یہ پاکستان کی علاقائی روایات میں بھی شامل ہے- حضور نبی اکرم (ﷺ) نے صبح جلدی اٹھنے کی اہمیت کو مختلف مواقع پر بیان فرمایا اور ہمیں اس عادت کی طرف راغب کیا- ہمیں صبح جلدی اٹھنے کی عادت اپنانا چاہیے تاکہ ہم اپنے وقت کو مؤثر طریقے سے استعمال کر سکیں اور ایک کامیاب اور خوشحال زندگی گزار سکیں- حضور نبی اکرم (ﷺ) کی تعلیمات اور سیرت سے عملی سبق حاصل کرتے ہوئے، ہم اپنی زندگیوں میں بہتری اور معاشرتی سطح پر بھی مثبت تبدیلیاں لا سکتے ہیں-

٭٭٭


[1](الاحقاف: 3)

[2](الزمر:5)

[3](النحل: 61)

[4](الحجر:4)

[5](الشوریٰ: 14)

[6](الواقعۃ :50)

[7](الجاثیہ:29)

[8](صحیح بخاری، کتاب الرقاق)

[9](صحیح بخاری، کتاب الادب)

[10]( المستدرک ،رقم الحدیث : 7916)

[11](شعب الایمان ، رقم الحدیث : 3840)

[12](صحیح بخاری، کتاب الادب)

[13](صحیح مسلم، کتاب المساجد)

[14]https://my.clevelandclinic.org/health/articles/circadian-rhythm

[15] https://www.webmd.com/sleep-disorders/features/morning-light-better-sleep

[16]https://journals.lww.com/tpsy/fulltext/2020/34010/mental_healthcare_in_pakistan.3.aspx

[17]https://pubmed.ncbi.nlm.nih.gov/26582317/

[18]https://www.ncbi.nlm.nih.gov/pmc/articles/PMC9517235/

[19]https://jhpn.biomedcentral.com/articles/10.1186/s41043-023-00463-6

[20]Creative Productivity of Artists in Pakistan: The Influence of Early Morning Routine. (2021) Journal of Creative Arts, 10(2), 112-125

[21]https://www.integrative-psych.org/resources/the-benefits-of-waking-up-early-enhancing-mental-health-and-overall-well-being

[22]https://hbr.org/2010/07/defend-your-research-the-early-bird-really-does-get-the-worm

[23]https://www.psychologytoday.com/intl/blog/imperfect-spirituality/202107/will-you-be-happier-if-you-wake-up-earlier

[24]https://news.harvard.edu/gazette/story/2019/01/benefits-of-being-an-early-riser-vs-a-night-owl

[25]https://news.harvard.edu/gazette/story/2019/01/benefits-of-being-an-early-riser-vs-a-night-owl/#:~:text=The%20study%2C%20published%20in%20Nature,risk%20of%20schizophrenia%20and%20depression.

[26]The Impact of Morning Routine on Mental Well-being in Pakistan،Journal of Mental Health Studies, 10(2), 89-102

[27]The Role of Early Rising in Stress Management: A Study on Pakistani Population. LUMS Health Research Journal, 15(3), 134-146.

[28]https://www.healthline.com/health/healthy-sleep/benefits-of-waking-up-early

[29]https://www.bbc.com/worklife/article/20190213-is-waking-up-early-good-or-bad

[30]https://www.aljazeera.com/news/2023/10/31/what-is-daylight-saving-time-and-which-countries-are-changing-their-clocks

[31]https://digitalcommons.law.uw.edu/faculty-articles/134/

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر