سالانہ ملک گیردورہ"اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین" (رپورٹ)

سالانہ ملک گیردورہ

سالانہ ملک گیردورہ"اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین" (رپورٹ)

مصنف: ادارہ اپریل 2015

ربع صدی قبل تصوف شاعری کے لئے بہترین صنف گرداننے تک محدود تھااورتصوف پہ یہ عظیم قدغن تھی کہ ’’تصوف شعرگوئی کے لئے خوب ہے‘‘-اسرارِ تصوف پہ محض پختگیء سخن کے اظہار کے لئے بات کی جاتی تھی-تصوف بے عملی کادوسرانام قیاس کیاجاتا-تصوف کامفہوم شریعت مطہرہ اورحیاتی دُشواریوں سے راہِ فرارتعبیرکیاجاتا- ہربے ڈھنگی چال کوتصوف سے منسوب کیاجاتا-صوفیاء کرام کے تذکروں میں عوامی دلچسپی صرف بیانِ کرامات تک محدود تھی-خانقاہی نظام اپنے زوال اورنچان کے کم تردرجہ پہ تھا-رُوحانیت اورمعرفت الٰہی کوامرِمحال سمجھاجاتا-ضرورت اس امر کی تھی کہ عامۃ الناس کوتصوف وفقرکی عملی افادیت سے روشناس کروایاجاتا- اولیاء اللہ کی تعلیمات کا ہرزاویہ اُجاگرکیاجاتا-سلطان الفقرششم سلطان محمداصغرعلی صاحب سروری قادری ان حقائق سے بخوبی باخبرتھے -یہ امربھی پیش ِ نظر رہے کہ اولیاء اللہ کی حیات مبارکہ کامعمولی سے معمولی کام بھی ذاتی پسنداورناپسندکے تابعِ امر نہیں ہوتاکجا ایک عالم گیرتحریک کافیصلہ ہو-؟

بہرکیف آمدبرسرمطلب سلطان محمداصغرعلی صاحب سروری قادری نے اولیاء اللہ کی تعلیمات کے اِبلاغ سے اپنی مساعی جمیلہ کاآغاز کیا-ایک باعمل صوفی کی زندگی کے عملی تقاضوں کی پرکھ کے لئے آپ رحمۃ اللہ علیہ کی حیات مبارکہ بہترین کسوٹی ہے -آپ رحمۃ اللہ علیہ نے اصلاحی جماعت کے مبلغین کوشریعت نبوی ﷺ کی پاسداری، اسم اللہ ذات کے قلبی ذکراورتوکل علی اللہ کے ابدی تقاضوں سے آراستہ کیا-توکل علی اللہ کے آتش دان سے کندن اوراسم اللہ ذات کی رُوحانیت سے معموراصلاحی جماعت کے مبلغین کاعوام نے فراخ دلی سے پُرتپاک استقبال کیا-یہ امر سہل نہ تھاسلطان محمداصغرعلی رحمۃ اللہ علیہ کو اعلائے کلمۃ الحق کی راہ نوردی میں ان گنت اور مثل پہاڑ بڑی مشکلات کاسامناکرناپڑا(اندیشۂ طوالت سے ان مشکلات کے تذکرے سے گریز کیاجاتاہے )-سلطان محمداصغرعلی صاحب سروری قادری کی مساعی جمیلہ کی فیوض اور برکات سے اصلاحی جماعت نے نصف صدی پر محیط ارتقائی عروج کی مسافت ایک عشرے سے بھی کم مدت میں طے کی -سیانوں کاقول ہے ’’درخت اپنے پھل سے پہچاناجاتاہے‘‘ کے مصداق عصرِ حاضر میں اصلاحی جماعت اپنا ہر سنگِ میل معینہ مدت سے پہلے عبورکرتی ہے -اب حالات کی کایاتیزی سے پلٹ رہی ہے -اولیاء عظام کی تعلیمات کے پیغام کی بازگشت گھرگھرسنائی دے رہی ہے -اب گلی محلوں کے تھڑوں پر بھی فقر محمدی ﷺ کے روشن امکانات اوراسم اللہ ذات کی رُوحانیت اورنورانیت پر مبحث عام ہورہی ہے -

یہ فیضانِ نظر تھا یا کہ مکتب کی کرامت تھی

سکھائے کس نے اسماعیلؑ کو آداب فرزندی

سلطان محمداصغرعلی صاحب سروری قادری کاایک نمایاں اعجاز خانقاہی نظام میں انقلابی اصلاحات کانفاذ ہے -دربارِ عالیہ شہبازِ عارفاں سلطان محمد عبدالعزیز کانظم وضبط دیگرخانقاہوں کے لئے دُریکتااورقابلِ تقلیدنظیرہے-آپ رحمۃ اللہ علیہ نے اپنی ظاہری حیات مبارکہ میں ہی مردِ خودآگاہ سلطان محمدعلی صاحب کواپناجانشین اورفیض رُوحانی کاوارث نامزدکیا-سلطان محمدعلی صاحب سروری قادری فقرمحمدیﷺ کے امین بنے توسلطان محمداصغرعلی کی قائم کردہ روایت کی پاسداری کوہمیشہ مقدم کیا- عصرِ حاضرکے نفسانفسی کے عالم اوردگرگوں حالات میں اصلاحی جماعت جیسارُوحانی پلیٹ فارم میسر آنابڑی غنیمت ہے - اصلاحی جماعت ہمہ قسم کی سیاسی اورمتعصب عُفُونت سے قطعی پاک ہے-اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین کے زیرانتظام امسال 2015ء کاسالانہ مرکزی ٹورپروگرام پاکستان کے مختلف اضلاع میں مرحلہ وار،پَے بہ پَے کامیاب،پُرہجوم نورانی،رُوحانی ،عرفانی ،وجدانی اوراصلاحی اجتماعات کے انعقادی تسلسل کے چوتھے رائونڈ کی مختصررپورٹ درج ذیل ہے:

کراچی       01/03/2015

 اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین کے زیرِانتظام امسال 2015ء سالانہ مرکزی ٹورپروگرام برائے پاکستان کے چوتھے رائونڈکاآغازکراچی سے کیاگیا-عروس البلادکراچی کے اندوہ گیں حالات کسی سے ڈھکے چھپے نہیںمگر یہ امرمسلم الثّبوت ہے کہ کراچی کے دگرگوںحالات میں پیغامِ اولیاء اللہ کے پرچارسے بہتری کے امکانات روشن ہیں- اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ کراچی نے Y.M.C.Aگرائونڈ نزد گورنر ہاؤس میںعصری حالات کے برخلاف ایک انتہائی منظم،پُرامن،محفوظ اورکامیاب اجتماع بسلسلہ میلادِ مصطفی ﷺ وحق باھُوکانفرنس انعقادکیا- سرپرستِ اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین صاحبزادہ سلطان محمدعلی سروری قادری مسندِ صدارت پہ جلوہ افروز ہوئے تو جیسے ہجر کے گلابی جاڑے میں وصل کی بہارآگئی - ان حالات میں یہ ضرب المثل صادق آتی تھی ’’صدرہرجاکہ نشیندصدراست‘‘- کلام باری تعالیٰ کی تلاوت مبارکہ سے محفل بسم اللہ ہوئی-بارگاہِ رسالت مآب میں نعت کاگل دستۂ عقیدت پیش کیاگیا-ابیات حضرت باھُو کی ’’ھُو‘‘نے روزِ الست کاسماباندھ دیا-

چیف ایڈیٹرماہنامہ مرأۃ العارفین،مرکزی جنرل سیکرٹری اصلاحی جماعت نے’’فتح مکہ بنیادی انسانی حقوق کاپہلاچارٹر‘‘کے عنوان پر گل افشانی کرتے ہوئے فرمایا:

اسلام کامعنی امن اورسلامتی ہے جس میں داخلے کے بعدانسان ہمیشہ کے لئے امن اورسلامتی میں آجاتاہے -اللہ رب العزت کافرمان مبارک ہے :

{ان الدین عند اللّٰہ الاسلام}(اٰل عمران:۱۹)

’’بے شک !اللہ کے ہاں دین اسلام ہے -

حضورنبی کریم ﷺ دین اسلام میں آنے والوں کی تربیت اس انداز میں فرمائی کہ انہیں لسانی ،علاقائی طبقات سے ماوراء فرمادیارنگ ونسل کے امتیازات کوختم فرمایا-علامہ محمداقبال رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں:

؎مذہب تواز رنگ وخوں بالاترست

تیرامذہب رنگ وخوں کے طبقات سے بلندوبالاہے بلکہ مسلمان کے لئے کیاہے -

بازو تیرا توحید کی قوت سے قوی ہے

اسلام ترا دیس ہے تو مصطفویؐ ہے

حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام کافرمان مقدس ہے :

{المسلم من سلم المسلمون من لّیسانہ ویدہ}(صحیح البخاری:کتاب الایمان)

’’مسلمان وہ ہے جس کی زبان اورہاتھ سے مسلمان محفوظ رہیں -‘‘

اس حدیث پاک کامفہوم مخالف لیں تویہ ہوگا اس شخص کااسلام سے تعلق نہیں جس کے ہاتھ اورجس کی زبان سے مسلمان محفوظ نہ ہوں -یہ توزندہ انسان کی بات ہے اللہ اور اس کے رسول ﷺ نے تودین اسلام میں مردہ کے حقوق عورتوں کے حقوق،بچوں کے حقوق حتٰی کہ ہرچیزکے حقوق مقررکئے ہیں لیکن ان تمام حقوق کی پاسداری تب ممکن ہوگی جب رُوحانیت بیدارہوگی اورقلب کی بیداری کے لئے اولیاء اللہ کی صحبت ضروری ہے جس کے بغیرانسانیت کی بیداری ناممکن ہے -

اختتامِ محفل بارگاہِ رسالت مآب میں درودواسلام کا نذرانہ پیش کرنے سے ہوا-جانشین سلطان الفقر سلطان محمدعلی صاحب نے کراچی کے درماندہ حالات میں بہتری کے لئے خصوصی دعا فرمائی- روشنیوں کے شہرکراچی کے سیکڑوں باسیوں نے راہِ طریقت کی روشنی حاصل کرنے کے لئے جانشین سلطان الفقر سلطان محمدعلی سروری قادری کے دست حق پرست بیعت ِ قادریہ سے مستفیض ہوئے-

بدین         04/03/2015

اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ ضلع بدین کے زیرِ انتظام العباس شادی ہال نزدایوان صحافت میں ایک عظیم الشان،فقیدالمثال اجتماع بسلسلہ میلادمصطفیﷺ وحق باھُوکانفرنس منعقدہوئی-اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین کے سرپرستِ اعلیٰ، سالارِعارفین صاحبزادہ سلطان محمدعلی صاحب سروری قادری مُنصۂ صدارت پہ جلوہ افروز ہوئے -تلاوت قرآن مجیدسے اجتماع کاباقاعدہ آغازکیاگیا-بارگاہِ رسالت میں نعت کے پھول پیش کئے گئے-سلطان باھُورحمۃ اللہ علیہ کا پنجابی کلام قلبی سوزو گداز سے پڑھاگیا-مولانامفتی منظورحسین بعثتِ نبویﷺ پہ گفت گو کرتے ہوئے کہا:  

اللہ رب العزت نے حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام کی ولادت باسعادت کوتمام اہل ایمان کے لئے احسان عظیم قراردیا-فرمان باری تعالیٰ ہے :

{لقد من اللّٰہ علی المومنین اذبعث فیھم رسولا}(اٰل عمران: ۱۶۴)

’’البتہ تحقیق!مومنوں پراحسان عظیم ہے کہ ان میں اپنا رسول ﷺ مبعوث فرمایا-‘‘

فرمان الٰہی ہے:

{ھوالذی ارسل رسولہ بالھدی ودین الحق لیظھرہ علی الدین کلہ}(الفتح:۲۸)

’’وہ ذات نے اپنے رسول مکرم ﷺ کوبھیجاہدایت کے ساتھ دین حق دے کرتاکہ یہ دین تمام ادیان پرغالب آجائے -‘‘

آج ہم پر فرض عائدہوتا ہے کہ اس دین کو اختیار کریں جس دین کی تبلیغ کے لئے آقاعلیہ الصلوٰۃ والسلام کوبھیجاگیا-دین میں کامل طورپرتب داخلہ ہوگاجب ہم ظاہرطورپربھی اورباطنی طورپربھی اس کواپنائیں گے -ظاہرمیں اعمال شریعت ہیں اورباطن میں ذکرالٰہی ہے اوراصلاحی جماعت اس کوعام کررہی ہے کہ اس کوحاصل کریں اورظاہرکے ساتھ باطن کواجاگرکریں -مرکزی ناظم اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین الحاج محمدنوازالقادری نے قرآن مجیدکی علمی اور عملی افادیت بیان کرتے ہوئے کہا:

اگرہم غورکریں توجس اہتمام کے ساتھ ہم اپنے بچوں کوسکول کالج اوریونیورسٹی میں بھیجتے ہیں اس اہتمام کے ساتھ مسجدمیں قرآن پاک کی تعلیم کے لئے بھی بھیجتے ہیں؟ ہمارے لئے یہ بہت بڑا المیہ ہے کہ ہم نے اس تعلیم کوترک کردیاہے جس کی اہمیت کو حضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام نے اجاگرفرمایا-فرمان نبویﷺ ہے -

{خیرکم من تعلم القرآن وعلمہ }(صحیح بخاری )

’’تم میں سے بہتروہ ہے جوقرآن کوسیکھے اورسیکھائے -‘‘

قرآن پاک اتنی اہمیت ہے کیونکہ یہ اللہ پاک کی گفت گوہے اپنے بندوں کے ساتھ اس میں زندگی گزارنے کے احکامات بیان فرمائے گئے ہیں لیکن اس کی طرف ہم نے توجہ نہ دی اس کی وجہ یہ ہے کہ ہمارے دل اس سے غافل ہوں گے دل کی بیداری کے لئے تصوراسم اعظم ہے -اسم اعظم حاصل کریں تاکہ دل زندہ ہواورہماراتعلق اللہ تعالیٰ سے قائم ہوپھر ہرصورت میں اس کے احکامات کی پیروی کریں گے -

درود وسلام کے پھول نچھاورکرنے کے بعدمحفل اختتام پذیرہوئی-جانشین سلطان الفقر نے سعی اتحاد امت کے ثمرآورہونے کے لئے خصوصی دعافرمائی-  سیکڑوں مرد وخواتین نے تالیف وتصدیق قلب کے لئے سلسلہ عالیہ قادریہ میں شمولیت اختیارکی-

حیدرآباد     05/03/2015

حیدرآباداورگردونواح کی عامۃ الناس کی صلائے عام کے لئے محبوب لان لطیف آباد،میں اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ ضلع حیدر آباد کے زیرانتظام میلادمصطفیﷺ کاجلسۂ عام کاعدیم المثال انعقاد ہوا-کرسیٔ صدارت پہ سرپرست اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین جانشینِ سلطان الفقر حضرت سلطان محمدعلی صاحب رونق افروز ہوئے -محفل کاآغاز تلاوتِ قرآن مجیدسے ہوا-نعت سے عشق نبویﷺ کااظہارکیاگیا-حضرت سلطان باھُو رحمۃ اللہ علیہ کے منظوم پنجابی کلام نے روزِ الست کاسماباندھ دیا-مولانامفتی منظورحسین نے شرف انسانیت پراظہارخیال کیا-

اللہ رب العزت نے حضرت انسان کوجوفضیلت بخشی وہ کسی اورمخلوق کوعطا نہیں فرمائی انسان کی عظمت ،وقاراور مقام کوقرآن پاک میں قسمیں یادفرمانے کے بعدذکرفرمایا-علامہ اقبال فرماتے ہیں ؛

تو ہے میرے کمالات ہنر سے

نہ ہو نو مید اپنے نقش گر سے

میرے دیدار کی ہے اک یہی شرط

کہ تو پنہاں نہ ہو اپنی نظر سے

انسان کی اہمیت کو ان الفاظ میں ذکر فرمایا:

تو راز کن فکاں ہے اپنی آنکھوں پہ عیاں ہو جا

خودی کا رازداں ہو جا خدا کا ترجمان ہو جا

اس عظمت کوکیسے پاسکتاہے؟

اپنے من میں ڈوب کر پا جا سراغ زندگی

تو اگر میرا نہیں بنتا نہ بن اپنا تو بن

 اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین کے مرکزی ناظم اعلیٰ الحاج محمدنوازصاحب عصرحاضر میں تعلیمِ قرآن کی افادیت بیان کی-

اللہ تعالیٰ نے قرآن کریم کو ضابطہ حیات مقرر فرمایاکہ انسان اپنے ہرقدم پرقرآن کریم سے رہنمائی حاصل کرے اورکامیابی وکامرانی کوحاصل کرے لیکن یادرکھیں!قرآن پاک سے ہدایت تب ملے گی جب قرآن پاک کرپڑھیں گے ،جانیں گے، سمجھیں گے اوراس پرعمل کریں گے توتب ہدایت ملے گی ااورقرآن کریم ہماری رہنمائی اس کی ذات کی طرف کرتا ہے لیکن افسوس کی بات یہ ہے کہ ہم نے قرآن پاک کوصرف پڑھنے پڑھانے تک محدود رکھا اصلاحی جماعت یہ پیغام لے کرحاضرہوئی ہے کہ اس قرآ ن پاک پرعمل کرکے ہم نے اس ذات کے قرب ووصال کوپاناہے اوریہی ہماری زندگی کااصل مقصد ہے -

اواخر میں حضورپُرنورکی بارگاہ میں درود وسلام کاہدیہ پیش کیاگیااور فیض حق باھُو کے روحانی وارث حضرت سلطان محمدعلی صاحب نے شرکاء محفل کی جائز نیک تمنائوں کے برآنے کے لئے خصوصی دعافرمائی بعدازاں سیکڑوں حاضرینِ مجلس نے شمع قادریت حضرت سلطان محمدعلی سروری قادری کے دست حق پرست پہ بیعت کی-

نواب شاہ                   06-03-2015

 اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ ضلع نواب شاہ کے  ایچ-ایم آڈیٹوریم حال میں ایک فقید المثال رُوحانی اجتماع بسلسلہ میلادِ مصطفی ﷺ و حق باھُوکانفرنس کا کامیاب انعقاد کیا-سرپرستِ اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین صاحبزادہ سلطان محمدعلی صاحب منصبِ صدارت سے عہدہ برا ہوئے-قرآن مجیدکی پُرتاثیرتلاوت سے محفل بسم اللہ ہوئی-نعت رسول مقبولﷺ کا نذرانۂ عقیدت پیش کیاگیا-ابیات حضرت سلطان باھُوسے حاضرینِ مجلس کے قلوب نورانیت سے منورہوئے-مولانامفتی منظورحسین نے ملت اسلامیہ کی عظمت رفتہ کی بحالی کے عنوان پہ بات کرتے ہوئے کہا:

آج اگرہم اپنے گریبان میں جھانک کردیکھیں تواس بات کااندازہ بخوبی لگایاجاسکتاہے کہ ہم کس مقام پہ کھڑے ہیں اورہم اللہ رب العزت نے ہمیں کس شرف سے نواز ہے اللہ رب العزت نے {ولقدکرمنا بنی آدم }فرماکرہمیں کرامت وعظمت سے نوازہ ااورہم نے اپنی عظمت کوگنوادیاسوال یہ ہے کہ اس عظمت کوکیسے حاصل کیاجاسکتاہے تواس کے لئے اللہ تعالیٰ نے ہمیں قرآن مجید میں فرمایا:

{ومن یطع اللّٰہ ورسولہ فاز فوزاعظیما}(الاحزاب:۷۱)

’’اورجواللہ اوراس کے رسول کی فرمانبرداری کرتاہے وہ بہت بڑی کامیابی حاصل کرلیتاہے -‘‘

اور یہی وہ عظمت رفتہ ہے جس کی بحالی کے لئے اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین کرداراداکررہی ہے-

الحاج محمدنوازالقادری مرکزی ناظم اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین نے مومن کی پہچان بیان کرتے ہوئے کہا:

آج ہماری ناکامی کی بڑی وجہ یہ ہے کہ نے اپنے آپ کوصرف ظاہرتک محدودکررکھاہے اورصرف اپنے ظاہری وجود کوہی سب کچھ سمجھ رکھاہے اپنے باطن سے محروم ہوچکے اوراپنی روح سے بے خبرہوچکے -فرمان الٰہی ہے -

{سنریھم ایاتنا فی الافاق فی انفسھم حتٰی یتبین لھم انہ الحق}(فصلت:۵۳)

’’اورہم اپنی نشانیاں آفاق میں بھی دکھائیں گے اوراپنے اندربھی حتی کہ ظاہرہوجائے گاحق-‘‘

کافر کی یہ پہچان کہ آفاق میں گم ہے

مومن کی یہ پہچان کہ گم اس میں ہیں آفاق

اللہ تعالیٰ نے انسان کے اندرسب کچھ رکھاہے لیکن افسوس یہ ہے کہ انسان اپنے اندرسے بے خبرہے اپنے من میں اترنے کے لئے اسم اعظم کی عظیم دولت ہے جس کوحاصل کرکے انسان اپنے اندرسے بہت بڑاخزانہ حاصل کرسکتاہے-

محفل کے اختتام پہ ہزاروں حاضرین مجلس نے خیرالانام  ﷺ کے حضور درودوسلام پیش کیااور جانشین سلطان الفقر صاحبزادہ سلطان محمدعلی صاحب نے خصوصی دعا فرمائی- بعدازاں سیکڑوں افراد نے جوش ایمانی کامظاہرہ کرتے ہوئے جانشین سلطان الفقرکے دست مبارک پہ سروری قادری بیعت کی-

 دادو           07/03/2015

 اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ ضلع دادوکے زیرِانتظام گودام حال میں ایک پُرونق رُوحانی اجتماع بسلسلہ میلادِ مصطفی ﷺ وحق باھُو کانفرنس منعقدہوئی-مرکزی سرپرست اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین دربارِ گوہریاب سلطان باھُونے حاضرین مجلس کوجلوۂ صدارت عطاکیا-تلاوتِ قرآن مجید سے محفل کی شروعات ہوئیں-بارگاہِ رسالت مآب  ﷺ نعت سے فیض یابی کی سعی کی گئی-بذریعہ ابیات باھُو بارگاہِ سلطان العارفین میں مداح سرائی کی گئی- مولانامفتی منظورحسین بدیہی امورپرروشنی ڈالتے کہا:

نماز،روزہ ،حج،زکواۃ اوردیگراعمال شرعی کواللہ اوراس کے محبوب پاک ﷺ نے ہم پرلازم فرمایااوراس کے ساتھ ساتھ اولیائے کرام کی سنگت ومحبت کاہمیں حکم فرمانِ الٰہی ہے :

{یاایھاالذین آمنوااتقوا اللّٰہ وکونوا مع الصادقین}(التوبۃ:۱۱۹)

’’اے ایمان والو! اللہ سے ڈرو اور سچے لوگوں کیساتھ شامل ہوجائو-‘‘

اس آیت پاک میں ایمان اورتقویٰ کے بعدصحبت صادقین کاذکرفرمایاکیوں کہ ایمان اورتقویٰ دوعظیم خزانے ہیں انہیں شیطان لوٹناچاہتاہے -اللہ تعالیٰ صادقین کی معیت کاحکم دیاکیونکہ وہ شیطان کوزیرکرنے کاہنرجانتے ہیں کہ اس کاقلع قمع اسم اعظم کے ذکر سے ہوگااوروہ یہی خزانہ عطافرماکراس دوخزانوں کومحفوظ کرنے کاڈھنگ سکھاتے ہیں -اس لئے اصلاحی جماعت اسم اعظم کی دعوت دیتی ہے کہ اسے حاصل کرکے کامیابی کوحاصل کرلیں-

مرکزی ناظم اعلیٰ اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین نے مقام مصطفی ﷺ پیغام مصطفیﷺکی روشنی میں بیان کرتے ہوئے کہاکہ

آج ہمارے سامنے صرف دوپہلوہیں(۱)میلادمصطفیﷺ (۲)مقام مصطفیﷺ اگرہم بے خبرہیں تو پیغام مصطفیﷺ سے اصلاحی جماعت ان دونوں کے ساتھ ساتھ پیغام مصطفیﷺ کواجاگرکررہی ہے-آقاعلیہ الصلوٰۃ والسلام ھادی بن کرتشریف لائے اورقرآن پاک بھی ذریعہ ہدایت اورانسان نے ہدایت حاصل کرنی ہے اورکامل ہدایت تب نصیب ہوگی جب زبان کے ساتھ دل بھی درست ہواوردل کی اصلاح اللہ کے ذکرمیں ہے -فرمان الٰہی ہے

{الابذکراللّٰہ تطمئن القلوب}(الرعد:۲۸)

’’خبردار اللہ کے ذکر سے ہی دلوں کو اطمینان نصیب ہوتا ہے-‘‘

خبرداراللہ کے ذکرسے دلوں کواطمنان نصیب ہوتاہے اورحضورعلیہ الصلوٰۃ والسلام کافرمان مبارک ہے ہرچیزکوصاف کرنے کاکوئی نہ کوئی آلہ ہے اوردلوں کوصاف کرنے کاآلہ ذکراللہ ہے -اصلاحی جماعت اس پیغام کوعام کررہی ہے کہ اسم اعظم کے ذریعے دلوں کوصاف کریں -

بارگاہِ رسالت مآب  ﷺ میں گل دستہ درود وسلام پیش کرنے کے بعد محفل اختتام پذیر ہوئی -سیکڑوں افراد نے اصلاحی جماعت میں شمولیت اورجانشین سلطان الفقرسے بیعت کااعلان کیا-

چنیوٹ:4-3-2015

 اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ ضلع چنیوٹ کے زیرِ اہتمام اسلامیہ گرائونڈ غلہ منڈی چوک میںجلسۂ عام بسلسلہ میلادِ مصطفیﷺ وحق باھُو کانفرنس منعقدہوئی-مرکزی جنرل سیکرٹری اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین صاحبزادہ سلطان احمدعلی صاحب مسندِ صدارت پہ جلوہ افروز ہوئے- تلاوتِ قرآن مجید کی سعادت سے محفل کی شروعات ہوئیںاوربعدازاں نعت رسول مقبول اورکلام حضرت سلطان باھُو خوش الحانی سے پڑھاگیا-

مرکزی سیکرٹری جنرل اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین ،چیرمین مسلم انسٹی ٹیوٹ اسلام آباد سلطان احمد علی صاحب نے’’ خلافت علی منہاج النبوۃ ‘‘ کے موضوع پہ گل افشانی کرتے ہوئے فرمایا:

اللہ تعالیٰ نے اپنے نبی حضرت دائود علیہ السلام کواس زمین میںاپنی خلافت کے لئے چنااورخلیفہ قراردیااورساتھ ہی خلیفے کامعیارمقررفرمایافرمان الٰہی ہے:

{یاداؤد ان جعلناک خلیفۃ فی الارض فاحکم بین الناس بالحق ولا تتبع الھویٰ}(ص:۲۶)

’’اے دائود(علیہ السلام)بے شک ہم نے آپ کوزمین میں خلافت عطافرمائی،پس لوگوں کے درمیان فیصلہ فرمائیں حق کے ساتھ اورخواہش (نفس) کی پیروی نہ کرنا-‘‘

اس آیت مبارکہ میں اللہ تعالیٰ نے خلافت کے لئے اصول مقرر فرمادئیے کہ لوگوں کے درمیان عدل وانصاف قائم کرنا،بلاتفریق ،بلاامتیازلوگوں کے درمیان اعتدال قائم کرناگویااپنے آپ کواللہ تعالیٰ کے احکامات کی پیروی کے لئے تیارکرنا-احکام کے تابع کرنااوراس کی مخلوق کے مابین مساوات قائم کرنا،انصاف قائم کرنا-یہ حاکم وقت کااوّلین فریضہ ہے اوراپنے نفس کی خواہشات کے تابع نہ ہوناخواہش نفس کوترک کرناخلیفہ کابنیادی فریضہ ہے کیونکہ جواپنے نفس کوقابو میں نہیں لاسکتااُس کویہ اختیار نہیںکہ وہ زمین میں خلافت کافریضہ سرانجام دے -زمین میں خلافت کاحق دار کون بن سکتا ہے؟ اس کے متعلق قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے واضح ارشاد فرمایا-

{ان الارض یرثھاعبادی الصالحون} (الانبیاء:۱۰۵)

’’بے شک زمین کے وارث اُس کے بندوں میں سے صالحین ہیں یعنی اپنی خواہشات کوترک کرکے جواپنے خالق مالک کے ہوجاتے ہیں انہیں اللہ تعالیٰ زمین میں اپنی خلافت کے لئے چن لیتاہے -‘‘

آخر میں درودوالسلام ہدیۂ عقیدت پیش کیا-صدر محفل صاحبزادہ سلطان احمدعلی صاحب نے مسلمانوں کے لئے اخلاصِ نیت کی خصوصی دعافرمائی-شرکاء جلسہ کی کثیرتعداد نے حصول تصدیق قلب کے لئے راہِ طریقت اختیارکرنے کااعزاز حاصل کیا-

سرگودھا    5-03-2015

سرگودھا: فٹبال گرائونڈ کمپنی باغ میں اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ ضلع سرگودھانے نورانی وعرفانی اجتماع بسلسلہ میلادِ مصطفیﷺ وحق باھُوکانفرنس کاکامیاب انعقاد کیا-آغازِ محفل قرآن مجید کی تلاوت مبارکہ سے ہوا-نعت رسول کریم سے حاضرینِ مجلس کے قلوب ،حب نبوی کی حلاوت کے سزاوار ٹھہرے اوربعدازاں کلام حضرت باھُو پڑھنے کی سعادت نصیب رہی-

مرکزی جنرل سیکرٹری اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین ،چیف ایڈیٹر ماہنامہ مرأۃ العارفین سلطان احمدعلی صاحب تزکیۂ باطن کی اہمیت اُجاگرکرتے ہوئے فرمایا:

{قدافلح من تزکیٰ}(الاعلیٰ:۱۴)

’’تحقیقی کامیاب ہواوہ جس نے اپناتزکیہ کیا-‘‘

یعنی وہ لوگ فلاح پاگئے ،فلاح یافتہ ہوگئے جنہوں نے اپنے باطن کوپاک کرلیااپنے باطن کوصاف کرلیا،جنہوں نے اپنے باطن کوطیب ،طاہرکرلیاکیونکہ جب تک بندہ اپنے باطن کوپاک صاف نہیںکرتا اس وقت تک فلاح یافتہ نہیں کہلاسکتاجب تک انسان اپنے باطن کوپاک نہیںکرلیتااس وقت وہ اپنے نفس کی قیدمیں رہتاہے -نفس کی گرفت میں رہتاہے -انسان اگریہ چاہتاہے کہ نفس کی قیدسے خود کوآزاد کروالے اورباقی زمین پرشریعت مصطفیﷺ کانفاذ ہوتواُس پر یہ لازم ہے کہ وہ پہلے خود کااحتساب کرے ،اپنے وجود کاحاکم بنے اوروجود پہ حکومت کرے اورخود کونفس پرحاکم بنائے -تب جاکروہ ان تمام باتوں کوعملی طورپراپناسکتا ہے اوریہ تب ممکن ہے جب انسان اپنے نفس کاتزکیہ اورقلب کاتصفیہ کرے کیونکہ نفس کے تزکیہ اورقلوب کے تصفیہ کے بغیرایسا کرناناممکن ہے - جواپنے وجود پہ حکمرانی کرنانہیں جانتاوہ اتنی بڑی زمین کاحکمران کیسے بن سکتاہے -یادرکھیں! انسانی جسم کے اعضاء انسان کی خواہشات کے تابع ہیں نہ کہ خواہشات انسانی اعضاء جسمانی کے تابع ہیں-جواپنی رُوحانیت کوبیدار کرلیتا ہیں اپنے قلب کوزندہ کرلیتے ہیںصرف ذکرالٰہی دل کواطمینان عطاکرتاہے اورووہ آخرت کی کامیابی سے بھی ہم کنارہوتے ہیں-

گل دستۂ درود والسلام پیش کرنے کے بعدصدرِ مجلس صاحبزادہ سلطان احمدعلی صاحب نے ملتِ اسلامیہ کے اتحادویگانگت اوربالخصوص پاکستان میں امن واماں کی ابتر صورتحال میں بہتری کے لئے دعافرمائی-سیکڑوں افراد نے سلسلہ عالیہ قادریہ میں شمولیت اختیارکی -

منڈی بہائوالدین         06-03-2015

اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ منڈی بہائوالدین کے زیرِ انتظام سٹیڈیم منڈی بہائو الدین میں انتہائی منظم اورپُرہجوم اجتماع عام بسلسلہ میلادِ مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم وحق باھُو کانفرنس منعقدہوئی-مرکزی سیکرٹری جنرل اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین صاحب زادہ سلطان احمدعلی صاحب نے نورانی محفل کی صدرنشینی فرمائی -محفل کاباقاعدہ آغاز تلاوتِ قرآنِ مجیدسے ہوا-بارگاہِ رسالت میں نعت کے پھول نچھاورکئے گئے-سلطان العارفین کے پنجابی کلام ابیات باھُو سے محفل پہ نورانی سحرطاری ہوا-

مرکزی جنرل سیکرٹری اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین سلطان احمدعلی صاحب نے تزکیۂ رُوح کی حقیقت آشکارکرتے ہوئے فرمایا:

حضرت علامہ اقبال فرماتے ہیں :

با نشۂ درویشی در ساز و دمادم زن

چوں پختہ شوی خود را بر سلطنتِ جم زن

پہلے تم اپنے آپ کونشہ درویشی لگائوسب سے پہلے خود کوپختہ انسان بنائو،خود کومضبوط انسان بنالویعنی تزکیہ نفس تصفیہ قلب کومکمل کرلو،جب تک تزکیہ نفس اورتصفیہ قلب کاعمل مکمل نہیں ہوجاتااس وقت تک آدمی حاکم ہونے کی اہلیت نہیں رکھتا - ایک بارکوتوال بغداد،پیرانِ پیردست گیرغوث صمدانی قطب ربانی شہازلامکانی ،شیخ سیدعبدالقادرجیلانی ،گیلانی رحمۃ اللہ علیہ کی بارگاہ میں حاضر ہوااورعرض کی کہ آپ مجھے کوئی ایسی نصیحت فرمائیں کہ میں اپنی رعایاکااحتساب کرسکوں -حضرت شیخ عبدالقادرجیلانی رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایاجواپنے آپ کااحتساب نہیں کرسکتا وہ دوسروں کااحتساب کیسے کرسکتا ہے -؟جب تک انسان اپنے نفس کی اصلاح نہیں کرلیتاتب تک اُس کے لئے حق وباطل کے درمیان امتیاز کرنا مشکل ہوجاتاہے ،حق باطل کے درمیان فرق کرنامشکل ہوجاتاہے -جو حق باطل کے درمیان امتیاز کرنانہیں جانتاوہ دوسروں کی اصلاح کیسے کرسکتا ہے لہٰذا پہلے خود کی اصلاح کرناہوگی تب دوسروں کی اصلاح ممکن ہوگی اوراپنے آپ کی اصلاح اوردل کااطمینان اورقلب کاسکون ذکرالٰہی سے مشروط ہے فرمانِ باری تعالیٰ ہے -

{الابذکراللّٰہ تطمئن القلوب}(الرعد:۲۸)

’’خبرداراللہ کے ذکر سے دلوں کواطمینان نصیب ہوتاہے - ‘‘

اختتامی مراحل بارگاہِ خیرالوراء میں درودوالسلام پیش کرنے اورعالم اسلام کی سربلندی کے لئے خصوصی دعاسے طے کئے گئے-سیکڑوں حاضرین مجلس نے بارگاہِ سلطان العارفین حضرت سخی سلطان باھُو سے فیض یابی کے لئے صاحبزادہ سلطان احمدعلی صاحب کے دستِ مبارک پہ بیعت سے بامرادہوئے-

قصور         07-03-2015

حضرت بابابلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کی نگری میں اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین برانچ ضلع قصور کے زیرانتظام ڈگری کالج قصورمیں فیض حق باھُو سے پھرپور محفل بسلسلہ میلادِ مصطفی ﷺ وحق کانفرنس کاانعقادکیاگیا-مرکزی سیکرٹری اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین صاحب زادہ سلطان احمدعلی صاحب صدرِ مجلس ہوئے -تلاوتِ قرآن مجید اورنعت رسول کریم ﷺ سے اجتماع کی شروعات ہوئیں-ابیاتِ حضرت باھُو کی’’ھُو‘‘نے روحانیت بپاکی-

مرکزی سیکرٹری اصلاحی جماعت وعالمی تنظیم العارفین صاحب زادہ سلطان احمدعلی صاحب نے برصغیر پاک وہندمیں اشاعت اسلام میں اولیاء عظام کے کردار پہ روشنی ڈالتے ہوئے  فرمایا:

برصغیرپاک وہند میں اولیاء کاملین ،صوفیائے کرام اوربزرگان ِ دین مینارۂ نور ہیں جنہوں نے اس ملک (برصغیرپاک وہند)میں اسلام کی اشاعت کی -اسلام کی ترویج کی اوراپنے حلقہ ارادت میں آنے والوں کے نفوس کے تزکیہ اوراُن کے قلوب کاتصفیہ فرمایااوراُن میں قرآن وسنت کے پیغام کوعام فرمایااس کی بنیادی وجہ یہ تھی کہ انہوں نے سب سے پہلے اپنے نفس کاتزکیہ کیااپنے قلب کوصاف کیاروحانیت کوبیدار کیااورپھراس عمل کواپنے حلقۂ احباب ،اپنے حلقۂ ارادت میں اوراپنی مجلس میں آنے والوں میں اس کواُجاگر کیا،جس کے نتیجہ میں وہ فلاح یافتہ قرارپائے قرآن مجید میں اسی بات کی طرف اشارہ کیاکہ:

فرمان الٰہی ہے :

تحقیق کامیاب ہوا وہ جوپاک ہوا ،جوستھرا ہوا -جس نے اپنے نفس کاتزکیہ کرلیا،جس نے اپنے نفس کوطیب وطاہر کرلیا جواپنے باطن کوسنوارلیتے ہیں وہ فلاح یافتہ قرارپاتے ہیں-یعنی دلوں کوذکرِ الٰہی سے طہارت نصب ہوتی ہے -انہی کے دلوں کواطمینان نصیب ہوتا ہے -اس سکون ،چین ،الفت،محبت ،پیار،مساوات ،رحم دلی ،دل جوئی ،اشک شوئی صوفیاء کرام نے انفرادی اوراجتماعی سطح پر عام کیااسی انداز میں لوگوں کی تربیت کاانتظام فرماتے ہیں تاکہ اندر کی میل اورکچیل صاف کیاجائے انسان اپنے اندرسے فلاح یافتہ ،پرامن اورباوقارقرارپائے اوراس کے وجود سے لوگ رہنمائی حاصل کرکے فلاح یافتہ ہوں-

 اواخر میں بارگاہِ رسالت مآب میں درودوالسلام کانذرانہ پیش کیاگیا-حاضرینِ محفل کے رفیع الدرجات کے لئے سلطان احمدعلی صاحب نے خصوصی دعا فرمائی -سیکڑوں افراد اصلاحی جماعت میں شمولیت سے مستفیض ہوئے-

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر