اقتباس

اقتباس

اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:

یایہا الناس ان وعداللہ حق فلا تغرنکم الحیوہ الدنیا وقفہولا یغرنکم باللہ الغرور

’’اے لوگو! بے شک اﷲ کا وعدہ سچا ہے سو دنیا کی زندگی تمہیں ہرگز فریب نہ دے دے، اور نہ وہ دغاباز شیطان تمہیں اﷲ (کے نام) سے دھوکہ دے ‘‘-(الفاطر:5)

رسول کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:

’’حضرت مُسْتَوْرِد فِہْرِیؓ سے مروی  ہے،  فرماتے ہیں کہ  میں نے سیدی رسول اللہ   (ﷺ)کو یہ  ارشاد فرماتے ہوئے سُنا: آخرت کے مقابلے میں دنیا کی  حقیقت صرف اتنی ہے  کہ تُم میں سے کوئی اپنی انگلی سمندر میں ڈال کردیکھے کہ وہ کتنا پانی لے کر لوٹتی ہے (یعنی انگلی کے ساتھ لگنے والا پانی دنیاوی زندگی اور سمندر میں  باقی رہ جانے والا بقیہ پانی آخر ت کی زندگی ہے)‘‘- (سنن الترمذی،أَبْوَابُ الزُّهْدِ عَنْ رَسُولِ اللهِ (ﷺ) 

فرمان سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ:

سالک کے لیے ضروری ہے کہ وہ ذہین و صاحب بصیرت ہو، جیساکہ کسی شاعر نے کہا ہے کہ:اللہ عزوجل کے ایسے ذہین بندے بھی ہیں جو دنیا کی مشقتوں سے ایسے ڈرے کہ انہوں نے دنیاکو طلاق ہی دے  ڈالی-وہ دنیا کی بھنورمیں اترے بھی تو اعمال ِ صالحہ کی کشتی میں بیٹھ کر اترے-انہوں نے اپنی نظر امورِ دنیا کے انجام پررکھی، دنیا کے زوال پذیری پر غوروفکر کیا اور احوال دنیا کی ظاہری زیب وزینت وحلاوت کے فریب میں نہ آئے -(سر الاسرار)

فرمان سلطان العارفین حضرت سلطان باھوؒ:

ج: جو پاکی بِن پاک مَاہی دے‘ سو پاکی جَانط پَلیتی ھو
ہِک بت خانے جَا وَاصل ہوئے ہِک خالی رہے مَسیتی ھو
عِشق دی بازی اُنہاں لئی جِنہاں سر دِتیاں ڈِھل ناں کیتی ھو
ہرگز دوست نہ مِلدا باھوؒ جِنہاں تَرَٹّی چَوڑ نہ کیتی ھو (ابیاتِ باھو) 

فرمان قائداعظم محمد علی جناح ؒ:

ایمان ، اتحاد، تنظیم

’’آپ میں سے ہرایک کو ملک کے دفاع کو مستحکم بنانے کے لیے اہم کردار ادا کرنا ہے اور آپ کا شعار ایمان ،تنظیم اورایثار ہونا چاہیے ،آپ اپنے قد کاٹھ کی کمی اپنی جرأت،فرض شناسی اور بے لوث لگن کے ذریعہ پوری کرسکتے ہیں کیونکہ زندگی کی فی الواقع کوئی حقیقت نہیں، صرف ہمت،استقلال اور عزم بالجزم ہی    اسے  بامعنی ٰ  بناتے  ہیں‘‘- (بحریہ ’’دلاور‘‘کے عملے سے خطاب ،کراچی ،23جنور ی ،1948ء)

فرمان علامہ محمد اقبال ؒ:

اپنے رازق  کو نہ پہچانے تو محتاج ِ ملوک
اور پہچانے تو ہیں تیرے گدا دارا و جم
دل کی آزادی شہنشاہی، شکم سامانِ موت
فیصلہ تیرے ہاتھوں میں ہے، دل یا شکم (بال جبریل)

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر