اقتباس

اقتباس

اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:

’’وماکان اللہ لیعذبھم وانت فیھمطوماکان اللہ معذبھم و ھم یستغفرون‘‘(الانفال:33)

’’اور اللہ کا کام نہیں کہ انہیں عذاب کرے جب تک اے محبوب(ﷺ) تم ان میں تشریف فرما ہو اور اللہ انہیں عذاب کرنے والا نہیں جب تک وہ بخشش مانگ رہے ہیں‘‘-

رسول کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:

’’حضرت جبرئیل(علیہ السلام) نے عرض کی یا رسول اللہ (ﷺ)!

’’قلبت مشارق الارض و مغاربھا فلم اجد رجلا افضل من محمد (ﷺ) و لم ار بیتا افضل من بیت بنی ہاشم‘‘

’’میں نے زمین کے اطراف و اکناف اور گوشہ گوشہ کو چھان مارا نہ تو میں نے محمد(ﷺ) سے بہتر کسی  شخص کو پایا اور نہ ہی بنو ہاشم سے بہتر کوئی گھر دیکھا‘‘-(الطبرانی فی معجم الاوسط، رقم الحدیث:6285)

فرمان سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ:

’’سیّدی رسول اللہ (ﷺ)کافرمان مبارک ہے:’’مَیں اللہ عزوجل کے نور سے ہوں اور تمام مؤمنین  مجھ سے ہیں‘‘-پھر اللہ عزوجل نے تمام ارواح کو عالمِ لاہوت میں روحِ محمدی (ﷺ)سے پیدا فرمایا اور عالم ِ لاہوت ہی میں اُنہیں احسن صُورت حقیقی دے کر انسان کے نام سے موسوم کیا اور عالم ِ لاہوت ہی ان کا اصلی وطن ہے ،جب اس پر چار ہزار سال گزرگئے تواللہ عزوجل نے سیدی رسول اللہ (ﷺ)کے نورِ چشم سے عرش وکرسی کو پیدافرمایا اورپھرعرش کے نور سے تمام کائنات کو پیدافرمایا پھر تمام ارواح کو کائنات کے سب سے نچلے درجے  یعنی عالَمِ اجسام میں  منتقل کیا-جیسا کہ اللہ پاک نے ارشاد فرمایا:’’پھرہم نے اُسے سب سے نچلے درجے میں اُتارا‘‘یعنی سب  سے پہلے انہیں عالَم لاہوت سے عالَم جبروت میں اُتارا گیا جہاں اللہ عزوجل نے انہیں حرمین کے درمیان نورِ جبروت کا لباس پہنایا جس میں وہ ارواحِ سُلطانی کہلائیں‘‘-(سرّالاسرار )

فرمان سلطان العارفین حضرت سلطان باھوؒ:

اندر وچ نماز اساڈے ہکسے جانتیوے ھُو
نال قیام رکوع سجودے کر تکرار پڑھیوے ھُو
ایہہ دل ہجر فراقوں سڑیا ایہہ دم مرے نہ جیوے ھُو
سچا راہ محمد (ﷺ) والا باھُوؒ جیں وچ رب لبھیوے ھُو (ابیاتِ باھو)

فرمان قائداعظم محمد علی جناح ؒ:

ایمان ، اتحاد، تنظیم

’’ہماری عظیم اکثریت مسلمان ہے- ہم رسول اللہ (ﷺ) کی تعلیمات پر عمل پیرا ہیں- ہم اسلامی ملت و برادری کے رُکن ہیں جس میں حق، وقار اور خود داری کے تعلق سے سب برابر ہیں نتیجتاً ہم میں اتحاد کا ایک خصوصی اور گہراشعور موجود ہے‘‘- (آسٹریلیا کی عوام سے نشری خطاب، 19 فروری 1948ء)

فرمان علامہ محمد اقبال ؒ:

شوق ترا اگر نہ ہو میری نماز کا امام

میرا قیام بھی حجاب، میرا سجود بھی حجاب

 تیری نگاہ ناز سے دونوں مراد پا گئے

عقل غیاب و جستجو، عشق حضور و اضطراب (بال جبریل)

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر