اقتباس

اقتباس

اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:

’’فَاِذَا عَزَمْتَ فَتَوَکَّلْ عَلَی اللهِ ط اِنَّ اللهَ یُحِبُّ الْمُتَوَکِّلِيْنَ‘‘

’’پھر جب آپ(ﷺ) پختہ ارادہ کر لیں تو اللہ پر بھروسہ کیا کریں، بیشک اللہ توکّل والوں سے محبت کرتاہے‘‘-

(آلِ عمران:159)

 رسول کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:

’’حضرت عمر بن الخطاب (رض) سے مروی ہے کہ سیّدی رسول اللہ (ﷺ )نےارشاد فرمایا :’’ اگر تم اللہ تعالیٰ پر اس طرح بھروسہ کرتے جیسا بھروسہ کرنے کا حق ہے، تو تمہیں اس طرح رزق دیا جاتا جس طرح پرندوں کو رزق دیا جاتا ہے- وہ صبح کو بھوکے نکلتے ہیں اور شام کو پیٹ بھر کر واپس آتے ہیں‘‘-

(سُنَنُ التِّرْمذي ،  بَابٌ فِي التَّوَكُّلِ عَلَى اللهِ)

فرمان سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانیؒ:

’’اے بیٹا ! تو عادت  کا قید ی بن کر رہ گیا ہے تو  رزق طلب کرنے میں اورسبب پر تکیہ کرکے پابند  ہوگیا ہے -سبب پیدا کرنے والے کو اور اس ذاتِ اقدس پر توکل کر نے کو بھول  بیٹھا ہے-اس لیے تو نئے سرے سے عمل کر  اورعمل کو اخلاص کے ساتھ لازم  کر- اللہ تعالیٰ نے ارشادفرمایا:میں نے جن اور انسا ن کو صرف اپنی عبادت کے لیے پیدافرمایا ہے ،انہیں ہوس، کھیل کُود، کھانے پینے،سونے اور نکاح کرنے کیلئے پیدا نہیں فرمایا-اے غافلو! غفلتیں چھوڑدو، جاگ جاؤ! (جب) تیرا دل اللہ عزوجل کی طر ف ایک قدم چلتا ہے تو اس کی محبت تمہاری طرف کئی قدم بڑھتی ہے اوروہ اپنے محبت کرنےوالوں سے ملاقات  کا ان سے بھی زیادہ شوق رکھتا ہے ‘‘-(الفتح الربانی)

فرمان سلطان العارفین حضرت سلطان باھوؒ:

د: دَلِیلاں چھوڑ وجودوں ہو ہُشیار فَقِیرا ھو
بَنھ توکّل پنچھی اُڈدے پلّے خرچ نہ زِیرا ھو
روز روزی اُڈ کھانط ہمیشہ نہیں کردے نال ذَخیرا ھو
مولا خرچ پوہنچاوے باھوؒ جو پتھر وچ کِیڑا ھو
(ابیاتِ باھو)

فرمان قائداعظم محمد علی جناح ؒ:

ایمان ، اتحاد، تنظیم

’’میرے نوجوان دوستو! میں چاہتاہوں کہ آپ انقلاب برپا کرنے کے بارے میں سوچیں، اپنی ذہنیت اور زندگی کے تعلق اپنے نظریات اور تصورات میں انقلاب لانے  کے بارے میں- ہزار ہا نوجوان کالجوں اور یونیورسٹیوں سے نکلتے ہیں اوران کے پاس کچھ نہیں ہوتا جس پر وہ اپنے پیشہ کی بنیاد پر کرسکیں ماسوا سرکاری ملازمتوں، کلرکی اور اسی طرح اورچھوٹی موٹی نوکریوں کے ، میں آپ سے کہتا ہوں کہ آپ تازہ مواقع تلاش کریں‘ ‘-

(لاہور،24 مارچ  1946ء)

فرمان علامہ محمد اقبال ؒ:

کافر ہے تو شمشیر پہ کرتا ہے بھروسا
مومن ہے تو بے تیغ بھی لڑتا ہے سپاہی 
کافر ہے تو ہے تابع تقدیر مسلماں
مومن ہے تو وہ آپ ہے تقدیر الٰہی 
(بالِ جبریل)

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر