اللہ تعالی نے ارشاد فرمایا:
وَاَحَلَّ اللہُ الْبَیْعَ وَحَرَّمَ الرِّبٰوا فَمَنْ جَآئَ ہٗ مَوْعِظَۃٌ مِّنْ رَّبِّہٖ فَانْتَھٰی فَلَہٗ مَا سَلَفَط وَاَمْرُہٗٓ اِلَی اللہِ وَمَنْ عَادَ فَاُولٰٓئِکَ اَصْحٰبُ النَّارِ ھُمْ فِیْھَا خٰلِدُوْنَ
’’اوراﷲ نے تجارت (سوداگری) کو حلال فرمایا ہے اور سود کو حرام کیا ہے، پس جس کے پاس اس کے رب کی جانب سے نصیحت پہنچی سو وہ (سود سے) باز آ گیا تو جو پہلے گزر چکا وہ اسی کا ہے اور اس کا معاملہ اﷲ کے سپرد ہے اور جس نے پھر بھی لیا سو ایسے لوگ جہنمی ہیں، وہ اس میں ہمیشہ رہیں گے‘‘- (البقرۃ:275)
رسول کریمﷺ نے ارشاد فرمایا:
’’ نبی کریم (ﷺ) نے ارشادفرمایا کہ:سات ہلاک کرنے والے (گناہوں) سے بچتے رہنا، صحابہ کرام (رضی اللہ عنہ)نے عرض کی:یا رسول اللہ (ﷺ)! وہ ( گناہ) کون کون سے ہیں؟ آپ (ﷺ)نے ارشادفرمایا(۱) اللہ عزوجل کے ساتھ شرک کرنا، (۲) جادو کرنا ،(۳) جس کے قتل کرنے کواللہ تعالیٰ نے حق کےسواحرام قراردیا ہو اس کو قتل کرنا، (۴) سود کھانا، (۵) یتیم کا مال کھانا، (۶) میدانِ جہاد سے پیٹھ پھیرنا اور (۷) پاک دامن،جرم سے بری، مومن عورتوں پربدکاری کی تہمت لگانا‘‘-(صحیح البخاری، کتاب الوصایا)
فرمان سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی (رحمتہ اللہ علیہ):
’’ساری بھلائی اللہ تعالیٰ کے ہاتھ میں ہے دین اور دنیا اس کے ہاتھ میں ہے غناء اورفقر اس کے ہاتھ میں ہے عزت و ذلت اس کے ہاتھ میں ہے- اس کےساتھ کسی کے ہاتھ میں کوئی اختیار بھی نہیں ہے-پس عقل مند وہی ہے جو اس کے دروازے کو چپٹ جائے اورغیر کے دروازے سے منہ پھیر لے-اے مبتلائے اَدبارمیں تجھ کو دیکھتا ہوں کہ مخلوق کو راضی کرتا ہے اور خالق کو ناراض-اپنی دنیا کی آبادی کے پیچھے اپنی آخرت کو ویران کیے دیتا ہے، عنقریب تو گرفتار ہوا چاہتا ہے-اللہ تعالیٰ تجھ کو پکڑےگا جس کی پکڑ سخت درد ناک ہےاور اس کی پکڑ کے مختلف طریقے ہے- وہ تجھ کو پکڑےگا تیری ولایت سے تجھ کو معزول فرما کر،تجھ کو پکڑے گا مرض سے، ذلت سےاور بھوک سے ،تجھ کو پکڑےگا سختیوں اور طرح طرح کے رنج و غم مسلط فرما کر، تجھ کو پکڑے گا مخلوق کی زبانوں اور ہاتھوں کو تیرے اوپر حاکم بنا کر اوراپنی ساری مخلوقات کو تیرے اوپر مسلط کردے گا-پس اے سونے والے بیدار ہو-اے میرے اللہ! ہم کو بیدار فرما اپنے ساتھ اور اپنے لئے‘‘- (فتح الربانی)
فرمان سلطان العارفین حضرت سلطان باھوؒ:
فجری ویلے وقت سویلے نت آن کرن مزدوری ھو
کانْواں ہلاں، ہکسی گلاں تریجھی رلی چنڈوری ھو
مارن چیخاں تے کرن مشقت پٹ پٹ سٹن انگوری ھو
ساری عمر پٹیندیاں گزری باھوؒ کدی نہ پئی آپوری ھو (ابیاتِ باھو)
فرمان قائداعظم محمد علی جناح ؒ :
ایمان ، اتحاد، تنطیم
’’اشتراکیودور ہٹو!اگر تم پرانا کھیل کھیلنے کی کوشش کرو گے تو یہ تم پر لوٹے گا بالکل اسی طرح جس طرح گنبد کی صدا لوٹتی ہے ہمیں ہلالی پرچم کے علاوہ اور کوئی پرچم درکار نہیں اسلام ہمارا راہنما ہے اور جو ہماری زندگی کا مکمل ضابطہ حیات ہے ہمیں اور کوئی سرخ یا پرچم نہیں چاہیے، ہمیں کوئی اور فکر (ازم)مطلوب ومقصود نہیں، نہ اشتمالیت ، نہ اشتراکیت-(پنجاب مسلم سٹوڈنٹس فیڈریشن کی سالانہ کانفرس میں تقریر، لاہور، 19مارچ 1940ء)
فرمان علامہ محمد اقبالؒ:
ظاہر میں تجارت ہے، حقیقت میں جوا ہے
سود ایک کا لاکھوں کے لئے مرگِ مفاجات
بے کاری و عریانی و مے خواری و افلاس
کیا کم ہیں فرنگی مدنیت کے فتوحات (بالِ جبریل)