(منقبت)گوہرِ کانِ حیا

(منقبت)گوہرِ  کانِ حیا

 

گوہرِ کانِ حیاء عثمان ذوالنورین ہیں
بادشاہِ اَتقیا عثمان ذوالنورین ہیں

وہ خلیفہ تیسرے ہیں اور دامادِ نبی
وارثِ ہر دوضیا عثمان ذوالنورین ہیں

دولتِ دنیا و دین و ہم وفا دارَد و مہر
تاجدارِ اَصفیا عثمان ذوالنورین ہیں

وہ جو ہنگام قرأت ہی شہادت پا گئے
وہ شہیدِ عالیا عثمان ذوالنورین ہیں

زیرِ فرمانِ نبی حبشہ کو ہجرت کر گئے
پیر وِصلِّ عَلا عثمان ذوالنورین ہیں

جو کبھی گردن چھڑائے اور کبھی آب حیات
وہ سخیٔ اسخیا عثمان ذوالنورین ہیں

وہ غنی ہیں وہ دھنی ہیں پیکر ایثار ہیں
افتخارِ اولیا عثمان ذوالنورین ہیں

جامعِ قرآں، محافظ ہیں کتابِ پاک کے
کاتبِ وحیِ خُدا عثمان ذو النورین ہیں

عظمتِ دینِ مُبیں کی حُجّت و برہان ہیں
اور دلیل کبریا عثمان ذوالنورین ہیں

غزوۃ العُسرا ہو یا کہ بیعتِ رضوان ہو
جانثارِ مصطفےٰ عثمان ذوالنورین ہیں

ہم کو زریں جس غنی کے زر نے زریں کر دیا
وہ غنی اغنیاء عثمان ذوالنورین ہیں 

٭٭٭

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر