منقبت امام عالی مقام (رضی اللہ عنہ)

منقبت امام عالی مقام (رضی اللہ عنہ)

حسین عشق ہیں اور عشق کی نہایت ہیں
جو انتہاہیں وہی لاجرم بدایت ہیں

’’حسین مجھ سے ہیں اور میں حسین سے‘‘ سن لو
نبی کا قول ہیں وہ قول کی روایت ہیں

روان و روح شہیدان کربلا اب تک
بدن میں دین کے جاں کی طرح سرایت ہیں

وہ ماہ و مہر امامت، نماد جودو سخا
دیے ہیں سر، ز کف پا تا سر عنایت ہیں

حسن حسین ہوں زہرا ہوں یا علی مولا
حدیث احمد مرسل کی وہ درایت ہیں

ولایت ان کے گھرانے میں آ کے ٹھہری ہے
علی ہیں شیر خدا اور شہ ولایت ہیں

نشانیاں ہیں مرے رب کی جا بجا ظاہر
مرے حسین مرے رب کی ایک آیت ہیں

مجھے بھی ناز ہے زریں انھی کی نسبت پر
جو اہلِ بیت ہیں اور تا ابد ہدایت ہیں

کہیں جو شعر بنام حسین ہم زریں
وہ خود قرینہء لفظی وہ خود رعایت ہیں   

٭٭٭

سوشل میڈیا پر شِیئر کریں

واپس اوپر